وزیراعظم نے بلال بن ثاقب کو معاونِ خصوصی برائے کرپٹو اور بلاک چین مقرر کر دیا

03:15 PM, 26 May, 2025

اسلام آباد  :  وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب کو معاونِ خصوصی برائے کرپٹو اور بلاک چین مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلال بن ثاقب کا عہدہ وزیرِ مملکت کے مساوی ہو گا۔

بلال بن ثاقب اس نئے کردار میں کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق پالیسی سازی اور مشاورتی معاملات میں وزیراعظم کی معاونت کریں گے۔

یہ تقرری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل بلال بن ثاقب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں کی ٹیکنالوجی میں شمولیت اور مصنوعی ذہانت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات کا مقصد نوجوانوں کو بلاک چین، کرپٹو کرنسی اور AI جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے بااختیار بنانا تھا۔

اس موقع پر بلال بن ثاقب نے کہا، "پاکستان کے نوجوان عالمی ٹیکنالوجی منظرنامے میں اپنی جگہ چاہتے ہیں، اسی مقصد کے تحت پاکستان کرپٹو کونسل قائم کی گئی ہے۔ ہم ایک ایسی ڈیجیٹل کونسل کی تشکیل کے لیے کام کر رہے ہیں جو بلاک چین، ڈیجیٹل فنانس، سینٹرلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کو ایک موقع کے طور پر دیکھتی ہے۔"

بلال بن ثاقب نے کرپٹو کونسل کی حالیہ کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرامز، کرپٹو آگاہی مہمات اور نوجوانوں کی ٹیکنالوجی میں تربیت شامل ہیں۔

مزیدخبریں