ہنوئی / پیرس :فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے ویتنامی دورے کے دوران ایک غیر رسمی لمحے کی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں ان کی اہلیہ بریجیت میکرون کے رویے نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر میکرون طیارے سے اترنے لگے تو انہوں نے اپنی اہلیہ کی جانب بازو بڑھایا، تاہم بریجیت نے نہ صرف ہاتھ تھامنے سے گریز کیا بلکہ بظاہر ناراضی کے انداز میں ہلکے تھپڑ جیسا اشارہ بھی کیا۔ یہ لمحہ کیمروں کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا اور تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوا۔
ابتدائی طور پر فرانسیسی حکام نے ویڈیو کی تردید کی، لیکن بعد ازاں اسے میاں بیوی کے درمیان ایک "ذاتی اور غیر رسمی لمحہ" قرار دیا گیا۔ صدارتی محل (ایلیسی پیلس) کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ کسی سنجیدہ جھگڑے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ دونوں کے درمیان معمول کی نوک جھونک کا ایک مظہر تھا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق، میکرون جوڑے کے درمیان یہ واقعہ نجی نوعیت کا ہے اور اسے سنجیدگی سے لینا مناسب نہیں۔ صدر میکرون اور بریجیت 2007 سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور اکثر عوامی تقریبات میں ایک ساتھ شریک ہوتے ہیں۔
یہ ویڈیو ایک طرف عوامی دلچسپی کا باعث بنی تو دوسری جانب اس پر مختلف آراء اور تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں، جہاں بعض افراد نے اسے مزاحیہ لمحہ قرار دیا، وہیں کچھ نے اسے ازدواجی کشیدگی سے تعبیر کیا۔