وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کمسن ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے منفرد ’سی ایم انسولین پروگرام‘ کا آغاز کر دیا

06:28 PM, 26 May, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پیدائشی ذیابیطس میں مبتلا کمسن بچوں کے لیے خصوصی ’سی ایم انسولین پروگرام برائے ذیابیطس‘ کا باضابطہ آغاز کیا ہے۔نمائندہ نیو نیوزوقاص غوری کے مطابق  اس پروگرام کے تحت ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو مفت انسولین، گلوکو میٹر، بی ایس آر سٹرپس اور نیڈل کے باکس مہیا کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف خود پاکستان پوسٹ کے رائیڈرز کے ہمراہ کمسن بچوں کے گھروں کا دورہ کیا اور انسولین کارڈز ان کے حوالے کیے۔ سبزہ زار کیو بلاک کے رہائشی پانچ سالہ واسع عدنان کو گھر جا کر انسولین کارڈ دیا گیا، جبکہ زینب وحید اور زین شہزاد کو بھی انسولین کارڈ فراہم کیے گئے۔

مریم نواز نے بچوں کے اہل خانہ سے محبت بھرے انداز میں ملاقات کی، وسیع عدنان کی دادی سے گلے لگایا اور کمسن بچوں کی صحت کے لیے خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے زین شہزاد کی آنکھوں کے چیک اپ اور علاج معالجے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ کمسن بچوں کی صحت ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور حکومت فری انسولین پروگرام کے ذریعے ایسے بچوں تک دوا اور علاج کی سہولت خود پہنچائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دوا یا انسولین خریدنے کی مالی مشکلات رکھنے والے بچوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔

پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 1500 بچوں کو گھر کی دہلیز پر انسولین فراہم کی جائے گی۔ پاکستان پوسٹ کے رائیڈرز خصوصی ایپ کے ذریعے انسولین کارڈ سکین کرکے تصدیق کریں گے اور کولڈ چین سسٹم کے تحت انسولین ڈیلیور کریں گے تاکہ دواؤں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچے این سی ڈی کلینک، مریم نواز ہیلتھ کلینک یا ہیلتھ لائن ایپ 1033 کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ سہ ماہی فالو اپ چیک اپ کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کی صحت کی بہتر نگرانی کی جا سکے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ بچوں کو انسولین کے ساتھ جدید گلوکو میٹر اور ٹیسٹ سٹرپس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، اور صرف سہ ماہی چیک اپ کے لیے ہسپتال آنا ہوگا۔ بچوں کو صحت مند اور محفوظ مستقبل دینا ان کا بنیادی ہدف ہے۔


مزیدخبریں