اسلام آباد :وزیرِ اعظم پاکستان کے دورۂ چین کے اختتام پر جاری ہونے والے تاریخی مشترکہ اعلامیے نے دونوں ممالک کے روایتی تعلقات کو ایک نئی تزویراتی بلندی پر پہنچا دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، اسلام آباد اور بیجنگ نے مشترکہ مستقبل کے تحفظ کے لیے خطے میں "نئے دور کی بین الاقوامی برادری" کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ایک دوسرے کی سلامتی کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بیورو چیف اسلام آبادنیونیوز جاوید بلوچ کے مطابق اس بار سفارتی تعلقات میں سب سے بڑی پیش رفت دفاعی اور سیکیورٹی محاذ پر ہوئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے ’’چین پاکستان سیکیورٹی پارٹنرشپ‘‘ قائم کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ پارٹنرشپ خطے میں امن و استحکام اور توازن برقرار رکھنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
مشترکہ اعلامیے میں سائنسی شعبے میں ایک شاندار پیش رفت کا انکشاف کیا گیا ہے، جس کے تحت چین پاکستانی خلابازوں کو جدید ترین خلائی تربیت فراہم کرے گا۔ اس ٹریننگ کے بعد مستقبل قریب میں کسی پاکستانی خلاباز کی چینی سپیس سٹیشن (Space Station) کے خلائی مشنز میں باقاعدہ شمولیت کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ اقتصادی محاذ پر بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق، دونوں ممالک سی پیک کے اگلے فیز کے تحت معدنیات کی تلاش، توانائی کے نئے منصوبوں، صنعتی پارکس کی تعمیر اور زراعت کے شعبے میں جدید چینی ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی کے عمل کو مزید تیز کریں گے تاکہ ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔
پاک چین تزویراتی بلاک مضبوط: دفاع و سلامتی کے لیے 'سیکیورٹی پارٹنرشپ' کا سنگِ میل طے
بیجنگ اور اسلام آباد کا 'نئے دور کی بین الاقوامی برادری' بنانے کا اعلان؛ پاکستانی خلاباز چینی سپیس سٹیشن جائے گا، مشترکہ اعلامیہ جاری
03:37 PM, 26 May, 2026