عمران خان کا وفاقی وزراءسے استعفے کا مطالبہ

عمران خان کا وفاقی وزراءسے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فیض آباد دھرنے کے خلاف آپریشن سے پیدا ہونیوالی کشیدہ صورت حال کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر وفاقی وزرا کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے جاری بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو انتہائی خطرناک صورتحال میں دھکیلنے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر قانون کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرقانون زاہد حامد کو بہت پہلے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ شریف خاندان کا کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنے وزرا سمیت گھر چلا جائے کیونکہ وزیراعظم اور ان کے وزرا نے انتہائی حساس معاملہ بگاڑ کر ملک کو سنگین بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے نام پر ایسی چنگاری سلگائی گئی ہے جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ تشدد اور املاک کی تباہی کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ جاری کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مطالبہ بھی ریکارڈ پر موجود ہے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کرکے حکومت نے غلطی پر پردہ ڈالنے کے تاثر کو تقویت دی۔