قومی سلامتی اولین ترجیح ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

10:50 AM, 26 Nov, 2025

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے اور پاک فوج وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ وہ جی ایچ کیو کے دورے پر آئے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے وفد کو پاکستان کی علاقائی صورتِ حال، اندرونی سکیورٹی چیلنجز، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سمگلنگ، منشیات کے خاتمے، خطرناک جرائم کے خلاف کارروائیوں اور غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جیو پولیٹیکل چیلنجز کے باوجود پاکستان کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے اور پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، خفیہ ادارے اور دیگر سیکیورٹی ادارے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ تمام خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور وہ دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کر رہا ہے۔

فیلڈ مارشل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے، اور دشمن کے تمام عزائم قوم اور اداروں کے باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن اور ترقی کے لیے اداروں میں قریبی تعاون ضروری ہے۔

مزیدخبریں