لاہور: پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی منظوری کے بعد محکمہ قانون نے ٹریفک جرمانوں کے لیے نیا آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔
آرڈیننس کے مطابق، تیز رفتاری پر موٹرسائیکل کو 2 ہزار روپے اور موٹر کار کو 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل کو 2 ہزار روپے اور تھری ویلر کو 3 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 2 ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں کو سگنل خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
یہ نیا آرڈیننس لاہور سمیت پنجاب بھر میں نافذ ہوگا اور اس کا مقصد ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر حادثات کی تعداد کو کم کرنا ہے۔
کراچی میں روبوٹ کے ذریعے ای چالان کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
کراچی: کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں ای چالان کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے روبوٹ کی مدد سے جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ماہ سے شہر کی مختلف سڑکوں پر نو پارکنگ اور نو ٹو لین کے بورڈز لگائے جائیں گے۔ ان سڑکوں پر روبوٹس کی مدد سے گاڑیوں کی نگرانی کی جائے گی۔
پیر محمد شاہ کے مطابق، یہ روبوٹ 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی اسپیڈ سے چلیں گے اور گاڑیوں کو اسکین کر کے جن گاڑیوں نے پارکنگ یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہوگی، انہیں ای چالان جاری کر دیا جائے گا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جائے گا اور شہریوں کو جرمانے کا بروقت اطلاع ملے گی۔
نیا نظام شہر میں ٹریفک کے بہتر انتظام اور قوانین کی سختی سے پابندی کے لیے اہم قدم ثابت ہو گا۔