ہانگ کانگ میں کثیر المنزلہ رہائشی کمپلیکس میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک

06:48 PM, 26 Nov, 2025

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ کے شمالی علاقے میں واقع ایک کثیر المنزلہ رہائشی کمپلیکس میں آگ لگنے کے باعث 13 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، یہ آگ چوتھے درجے کی قرار دی گئی ہے، جسے کئی گھنٹوں سے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

آگ لگنے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، اور پولیس کے مطابق کئی افراد ابھی بھی عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

رہائشی کمپلیکس میں تقریباً 2 ہزار اپارٹمنٹس ہیں اور یہاں تقریبا 5 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔ آگ لگنے کے بعد تقریباً 700 افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں کیں، تاہم اس دوران کچھ فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے ہیں۔

یہ کمپلیکس 8 بلاکس پر مشتمل ہے، اور ہر بلاک کی عمارت 31 منزلہ ہے۔ حکام کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
 
 

مزیدخبریں