نئے ماڈل کی مانگ میں کمی ، ایپل کا آئی فون ائیر کی پیداوار کم کرنے کا فیصلہ

04:38 PM, 26 Oct, 2025

کیلیفورنیا : معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے ماڈل آئی فون ائیر کی مانگ میں کمی کے بعد آئندہ برس اس کی پیداوار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایپل نے ستمبر 2025میں آئی فون ائیر کو لانچ کیا تھا، جو 5.6 ملی میٹر کی موٹائی کے ساتھ اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ماڈل تھا اور ابتدائی طور پر کافی توجہ حاصل کی تھی۔

تاہم، ایپل کے مطابق، اس ماڈل کی مانگ پہلے سہ ماہی میں توقعات سے کم رہی، جس کے باعث کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ 2026میں آئی فون ائیر کی پیداوار میں کمی لائی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا کہ آئی فون ائیر کی مانگ میں ریکارڈ کمی دیکھنے کے بعد ایپل انتظامیہ 2026 کی پہلی سہ ماہی تک اس کی تیاری میں 80 فیصد تک کمی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اس کے علاوہ، آئی فون ائیر کے کچھ پرزوں کی تیاری میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ ان کی فراہمی یا تیاری زیادہ وقت طلب ثابت ہو رہی ہے۔ اس وجہ سے ایپل 2025 کے آخر تک ان پرزوں کی فراہمی کا سلسلہ بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یہ قدم ایپل کے لیے ایک بڑا فیصلہ ہے کیونکہ آئی فون ائیر کو کمپنی نے اپنے پتلے اور جدید ڈیزائن کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک نیا رجحان لانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، اس ماڈل کی کم مانگ نے ایپل کو اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ایپل آئندہ برس آئی فون ائیر کی کمی کی صورت میں کس نئے ماڈل یا فیچر کے ساتھ صارفین کو دوبارہ اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔

مزیدخبریں