پنجاب میں پہلی بار سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کی ہیلتھ سکریننگ کے جامع پروگرام کا آغاز

01:14 PM, 26 Oct, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سپیشل بچوں کے لئے صوبہ بھر میں پہلی مرتبہ سپیشل ہیلتھ سکریننگ کا جامع پروگرام شروع کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد سپیشل بچوں کی صحت کے مسائل کا فوری حل فراہم کرنا اور ان کی تعلیم و تربیت میں بہتری لانا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 35,600 سے زائد سپیشل بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں 34,000 سے زائد طلبہ کا علاج معالجہ، آئی ٹیسٹنگ، دانتوں کا معائنہ اور دیگر امراض کا علاج شامل ہے۔ سپیشل ایجوکیشن سینٹرز میں 20,000 طلبہ کا موقع پر علاج کیا گیا، جبکہ 9,000 سے زائد طلبہ کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ پروگرام بڑے شہروں میں 5,000 سے زائد طلبہ کے علاج معالجہ کی سہولت بھی فراہم کر رہا ہے۔ مزید براں، پنجاب بھر میں سپیشل بچوں کے داخلوں کے لئے "ڈور ٹو ڈور" مہم کے تحت 5,000 سے زائد نئے داخلے کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی قیادت میں سپیشل ایجوکیشن مراکز میں دو خصوصی کورسز کا آغاز بھی کیا گیا ہے جن میں "ڈیزائن اینڈ یو ٹیوب کنٹنٹ کریشن"، "سوشل میڈیا"، اور "ای کامرس" شامل ہیں۔ ان کورسز کا مقصد سپیشل بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنا اور ان کے کیریئر کے لئے نئے دروازے کھولنا ہے۔

سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 10 جدید کمپیوٹر لیبز کی منظوری دے دی گئی ہے اور موجودہ 8 لیبز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید براں، "سی ایم پنجاب خود مختار پروگرام" کے تحت 18 ماسٹر ٹرینرز اور 1,760 طلبہ کی تربیت بھی کی جائے گی، جس میں پہلی 50 پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں