دبئی: افغانستان کے خلاف بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مہندرا سنگھ دھونی ایک موقع پر اپنے ہی بولر پر گرم ہوگئے۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے سنسنی خیز مقابلے میں کپتان دھونی اس وقت اپنا ٹھنڈا مزاج کھو بیٹھے جب اسپن بولر کلدیپ یادیو نے اپنی مرضی کی فیلڈنگ لگانے کا کہا۔
دھونی نے بولر کی مرضی کے مطابق فیلڈر لگانے کے بجائے وکٹ کے پیچھے سے ہی کہا کہ 'بولنگ کرائے گا یا بولر تبدیل کریں'، جس کے بعد کلدیپ یادیو نے کپتان کی مرضی کے مطابق سیٹ کردہ فیلڈنگ پر ہی بولنگ کی۔
کپتان دھونی کی آواز وکٹ کے نیچے لگے مائیک میں محفوظ ہوگئی اور اب یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس پر شائقین کرکٹ تبصرے کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ مہندرا سنگھ دھونی بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں جن کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 2007 کا ورلڈ ٹی کپ ، چیمپیئنز ٹرافی اور 2011 کا ورلڈ کپ جیتا۔