واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے علاقوں کو ضم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب کافی ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ رکنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کی ہے اور انضمام کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران عرب رہنماؤں کو بھی وہ یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ وہ مغربی کنارے کے انضمام کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔
اسرائیلی حکام نے پہلے کہا تھا کہ وہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر کنٹرول بڑھانے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں، مگر امریکی صدر کی سختی کے باعث یہ منصوبہ سامنے نہیں آ سکا۔
دوسری جانب، امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی مسلم رہنماؤں سے ملاقات مثبت رہی اور امید ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے جلد پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔