جامعہ کراچی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کر دی، سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ معطل کر دیا

08:26 PM, 26 Sep, 2025

کراچی : جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون (LLB) کی ڈگری منسوخ کر دی ہے اور ان پر تین سال کے لیے کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے یا امتحان دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، طارق محمود ولد قاضی محمد اکرم کی ڈگری اور امتحانی نتیجہ اس بنیاد پر منسوخ کیا گیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر غیر منصفانہ ذرائع استعمال کیے۔ مزید یہ کہا گیا کہ وہ جامعہ کراچی کے الحاق یافتہ ادارے اسلامیہ لا کالج کے باقاعدہ طالبعلم بھی نہیں تھے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ جامعہ کی "ان فئیر مینز کمیٹی" کی سفارشات کی روشنی میں سینڈیکیٹ اجلاس میں کیا گیا، تاہم اس فیصلے کو فوری طور پر قانونی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں عدالت نے جامعہ کراچی کے فیصلے کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے اسے "null and void" قرار دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے اجلاس میں کیا گیا جہاں مدعا علیہ کو صفائی کا موقع نہیں دیا گیا، جو آئینی و قانونی اصولوں کے منافی ہے۔

عدالت نے فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں