واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز مسترد کردی ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ کو خدشہ ہے کہ تہران امریکی مطالبات پورے نہیں کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا بھی فی الحال ارادہ نہیں رکھتے اور تہران سے اپنے مطالبات منوانے پر زور دے رہے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ فضائی حملے کیے جانے کا امکان ٹرمپ انتظامیہ کے زیرِ غور ہے۔ تاہم، رپورٹ کے مطابق یہ حتمی فیصلہ نہیں اور آنے والے ہفتوں میں امریکی پالیسی میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
ایرانی تجویز میں جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کھولنے اور جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بدلے امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی بات شامل تھی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی، جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق اختلافات کے باعث مذاکراتی کوششیں بدستور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔