پائیدار ترقی کے اہداف پر پیشرفت سست ہے، وزیراعظم شہباز شریف

02:10 PM, 26 Sep, 2026

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پیشرفت ناکافی اور سست ہے، جبکہ بڑھتا ہوا مالیاتی خلا اور شدید موسمی آفات ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں بن رہے ہیں۔

 نیویارک میں گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (GDI) پر اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ جی ڈی آئی جنوبی ممالک کے درمیان تعاون اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پیش کیا، جبکہ صدر شی جن پنگ کے دانشمندانہ فیصلوں اور بصیرت کو آج دنیا تسلیم کرتی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نیویارک کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم لندن میں دو سے تین روز قیام کریں گے۔

مزیدخبریں