وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا: عطا تارڑ

05:18 PM, 26 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین اور کشمیر کے عوام کا مقدمہ واشگاف الفاظ میں پیش کیا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ ان کے مطابق فلسطینی نمائندوں نے بھی وزیراعظم کی تقریر کو بھرپور پذیرائی دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر خیبرپختونخوا اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان بھجوایا گیا جبکہ فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں میڈیکل تعلیم کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا مؤقف واضح کیا اور اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو جواب دیا گیا، جبکہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی جس سے عالمی معیشتوں کو ترقی کے مواقع ملیں گے۔

پی ٹی آئی کے مجوزہ مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مارچ کے لیے کوئی مؤثر تیاری نظر نہیں آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں سیاسی طور پر کمزور ہو چکی ہے اور 27 ستمبر کے مارچ کے حوالے سے کیے گئے اعلانات عملی صورت اختیار نہیں کر سکے۔

عطا تارڑ نے دہشت گردی کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق 2026 میں 400 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، تاہم صوبائی حکومت کو اس معاملے پر مؤثر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے سوال کیا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبے کو دیے گئے اربوں روپے کہاں خرچ کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی کوئی مؤثر تیاری نہیں کی تھی۔ انہوں نے سہیل آفریدی کے احتجاج سے متعلق بیانات کو میڈیا اسٹنٹ قرار دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران جلال خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم مارچ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پارٹی رہنما اب اپنے کارکنوں کا سامنا کس طرح کریں گے۔

جلال خان نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئی یونیورسٹی یا اسپتال کی تعمیر سمیت حکومتی کارکردگی کے حوالے سے وضاحت دی جائے۔

مزیدخبریں