سری لنکا میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ، 3خودکش دھماکے،3خواتین اور 6بچوں سمیت 15افرادہلاک

سری لنکا میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ، 3خودکش دھماکے،3خواتین اور 6بچوں سمیت 15افرادہلاک

کولمبو:سری لنکا کے درالحکومت کولمبو کے مشرقی علاقے کلمونائی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر تازہ کارروائی کے دوران خودکش دھماکوں میں 6 بچوں اور 3خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے۔سری لنکن پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ایسٹر بم دھماکوں سے ہے۔

سری لنکن پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب کلمونائی میں واقع گھر پر چھاپا مارا، جس کے بعد عسکریت پسندوں سے سکیورٹی فورسز کا فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔مقابلے کے دوران 3 حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 6بچے بھی ہلاک ہوئے جبکہ 3 خودکش حملہ آوروں کی لاشیں مکان کے باہر سے ملی ہیں۔

سری لنکن پولیس کے مطابق واقعے میں ایک شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔ کولمبو سے 370 کلومیٹر دور واقع علاقے کلمونائی کے مذکورہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا۔سری لنکن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ایک گھنٹے چلنے والے مقابلے میں سکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

اس سے قبل سری لنکا کے مشرقی علاقے سمنتھورائی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جہاں ایک گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔سیکیورٹی فورسز کو مذکورہ مکان سے داعش کی وردیاں، جھنڈے، بم تیار کر نے کا سامان، اور ڈرون کیمرے بھی ملے ہیں۔دھماکوں میں مبینہ طورپرملوث ہونے کے شبہے میں امریکی مسلم خاتون کی تصویرشائع کرنے پر سری لنکن پولیس نے معذرت کرلی۔

سری لنکن صدرنے وسیع آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ایک گھر کو تلاش کیا جائے گا۔دوسری جانب مزید حملوں کے پیش نظر سری لنکا کے گرجا گھروں میں اتوار کی عبادات معطل کر دی گئی ہیں۔نماز جمعہ کے اجتماعات بھی منعقد نہ کرنے کی اپیل کے باوجود مسلمان بڑی تعداد میں جامع مساجد پہنچے اور نماز جمعہ ادا کی۔

امریکا نے سری لنکا جانے والے اپنے شہریوں کو لیول تھری سطح کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے جبکہ امریکی اہلکاروں کے بچے سری لنکا سے واپس بلا لیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ اتوار کو ایسٹر کے موقع پر کئی چرچوں اور ہوٹلوں سمیت 8 مختلف مقامات کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 253 افراد ہلاک ہوئے تھے۔