برطانوی وزیراعظم نے کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد حکومتی امور سنبھال لیے

برطانوی وزیراعظم نے کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد حکومتی امور سنبھال لیے
کیپشن: بورس جانسن نے اپنے دفتر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن:  برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد دوبارہ سے کارہائے مملکت چلانے شروع کر دیے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے دفتر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وزیراعظم بورس جانسن رواں ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد سے وزیر خارجہ ڈومینک راب نگراں وزیراعظم کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔

بورس جانس کو اپریل کے آغاز میں کچھ علامتیں ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا اور وہ اپنے گھر ہی میں قرنطینہ ہوگئے لیکن طبیعت بگڑتی چلی گئی جس پر انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہنے پر 7 اپریل کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔

برطانوی وزیراعظم کی طبیعت 3 دن آئی سی یو میں رہنے کے بعد بہتر ہوئی تو انہیں مزید دو دن آبزرویشن میں رکھا گیا اور 12 اپریل کو دوبارہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔