وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن کے وفد سے ملاقات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال

12:54 PM, 27 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن ٹریڈ کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ ادارے "ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن" کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے اہم اقتصادی اور مالیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن کے وفد میں زجری فوک مین، زجری وٹ کوف اور چیس ہیرو شامل تھے، جبکہ پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس دوران بلاک چین ٹیکنالوجی، ٹوکنائزیشن، رئیل ورلڈ ایسٹس اور سٹیبل ایپلی کیشنز کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں پاکستان کے قدرتی وسائل، جیسے معدنیات اور ایگریکلچر، کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹوکنائزیشن کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ، ڈیجیٹل لین دین میں شفافیت اور سکیورٹی کے مسائل پر سٹیبل کوائن سلوشنز کے نفاذ پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کو ڈیجیٹل اینوویشن کا ریجنل لیڈر بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور حکومت پنجاب کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں کی جانے والی ترقی اور مالیاتی شراکت داری پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ رہا ہے بلکہ آن لائن تجارت میں بھی نئے افق کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔

اس کے علاوہ  پاکستان کے معاشی نظام کو ڈی سینٹرلائزڈ فنانس ماڈل سے مربوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس سے عالمی سطح پر ترسیلات زر اور مالیاتی لین دین کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

مزیدخبریں