وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد کی ملاقات

03:06 PM, 27 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی جس دوران سرمایہ کاری کے تحفظ اور سرمایہ کاروں کو محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو سنجیدگی سے نوٹ کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وفد سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر کے حملوں کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا دین اسلام امن و آشتی کا پیغام دیتا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ہر صورت ذمہ داری نبھائے گی۔

وفد نے وزیر داخلہ کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے کی گئی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔

مزیدخبریں