پی ایس ایل 10:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو 179 رنز کا ہدف

09:44 PM, 27 Apr, 2025

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔ لاہور کے گدافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف بہترین آغاز کیا، جہاں فن ایلن نے صرف 16 گیندوں پر 31 اور رائیلی روسو نے 18 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ گیارہویں اوور میں کوئٹہ نے اپنے اسکور کو سنچری تک پہنچایا، اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کپتان سعود شکیل نے 32 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

ٹاس کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے نئی پچ کو دیکھتے ہوئے اپنے باؤلرز پر اعتماد کا اظہار کیا تھا، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے 180 سے 200 رنز کے درمیان ہدف دینے کی توقع کی تھی۔

دونوں ٹیمیں اب تک پانچ میچز میں سے دو میں کامیاب ہو چکی ہیں اور آج کی جیت سے تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان تاریخی میچ کے بعد، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچز بھی پی ایس ایل میں ایک نئے روایتی حریف کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہے ہیں، جہاں ماضی میں کئی یادگار میچز دیکھے گئے ہیں۔

پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ باؤلر علی رضا نے اپنی شاندار باؤلنگ سے سب کی توجہ حاصل کی ہے اور ان کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ میچ میں بابر اعظم اور حسین طلعت کی نصف سنچریوں نے پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کے خلاف جیت دلائی تھی۔

دوسری طرف، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گذشتہ میچ میں قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کم اسکور دفاع کرتے ہوئے سب کو حیران کن فتح دلائی۔ 75/1 پر مستحکم کراچی کنگز کے خلاف ابرار احمد کی جادوئی اسپن اور محمد عامر کی بہترین باؤلنگ نے کوئٹہ کو شاندار کامیابی دلوائی۔

 
 

مزیدخبریں