پی ایس ایل 11: اسلام آباد کی ملتان پر دھاک، قلندرز کا سفر تمام، زلمی اور یونائیٹڈ کل کوالیفائر میں ٹکرائیں گی

09:04 AM, 27 Apr, 2026

لاہور/راولپنڈی : پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 11 کے گروپ مرحلے کا اختتام بڑے اپ سیٹس اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار فتح کے ساتھ ہوا ہے۔ یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو زیر کر کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے، جبکہ سابق چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔یونائیٹڈ نے 193 رنز کا بڑا ہدف نہایت اعتماد کے ساتھ 19ویں اوور میں حاصل کر کے 4 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد نے ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر کے کوالیفائر کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
ٹورنامنٹ میں اس وقت ڈرامائی موڑ آیا جب کنگز مین نے راولپنڈیز کو 108 رنز کے بھاری مارجن سے عبرتناک شکست دی۔    اس نتیجے نے لاہور قلندرز کے پلے آف میں پہنچنے کے تمام امکانات ختم کر دیے اور ان کا فائنل تک پہنچنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
    کنگز مین کی اس فتح کی بدولت حیدرآباد پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن کر ابھری ہے۔آج ایونٹ میں آرام کا دن ہے، جس کے بعد کل ایک بڑا معرکہ متوقع ہے۔  کل پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی۔ جیتنے والی ٹیم براہِ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایلیمنیٹر میں اپنی بقا کی جنگ لڑنی ہوگی۔ ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

مزیدخبریں