خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال: 21 اضلاع میں 648 سکولوں کو جزوی نقصان

11:22 AM, 27 Aug, 2025

پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے تعلیمی اداروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے بتایا ہے کہ صوبے کے 21 اضلاع میں 648 سکولوں کو جزوی جبکہ 34 سکولوں کو مکمل طور پر تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران 6 اساتذہ (4 مرد اور 2 خواتین) اور 11 طلبہ جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 طلبہ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ یکم ستمبر سے قبل سیلاب سے متاثرہ سکولوں کو دوبارہ فعال کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

فیصل ترکئی نے کہا کہ سکولوں کی مرمت اور تعمیر پر اربوں روپے کی لاگت آئے گی اور یہ عمل 6 سے 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ طلبہ کی تعلیم کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں