فیصل امین گنڈاپور نے قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

11:34 AM, 27 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور نے قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ اقدام پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر کیا۔

فیصل امین گنڈاپور، جو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی ہیں، انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے گئے خط میں اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی ہدایت کے مطابق قائمہ کمیٹیوں سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی قیادت کو قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو واضح ہدایات دی ہیں کہ پارٹی ان انتخابات میں حصہ نہ لے کیونکہ اس سے موجودہ انتخابی عمل کو قانونی جواز ملے گا، جو پارٹی کے مؤقف کے خلاف ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ موجودہ پارلیمانی عمل کے خلاف احتجاج کے طور پر سامنے آیا ہے، جو سیاسی میدان میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔

مزیدخبریں