اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے مقدمات میں نااہل قرار دیے گئے ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 129 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سیاسی کمیٹی پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا گیا ہے، اور اب سیاسی فیصلے مشاورت کے بعد یہی کمیٹی کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق پارٹی نے مؤقف اپنایا ہے کہ جن ارکان کو 9 مئی کے واقعات کے بعد نااہل قرار دیا گیا، وہ پی ٹی آئی کے حقیقی نمائندے ہیں۔ ایسے ارکان کو ناحق سزائیں دی گئیں اور ان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ پارٹی نے انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
تاہم، لاہور کے حلقے این اے 129 میں میاں اظہر کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر پی ٹی آئی نے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس نشست پر امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے میں توشہ خانہ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں روزانہ بنیادوں پر ہونے والی سماعت پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق روزانہ سماعت نہ صرف انصاف میں رکاوٹ بنے گی بلکہ اس سے ملزمان کے بنیادی حقوق بھی متاثر ہوں گے۔
مزید برآں، پارٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی کیا ہے، جبکہ تمام ارکان اسمبلی کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔