اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں ممکنہ شدید سیلاب کے پیش نظر وفاقی وزراء کو ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوراً پنجاب کے ان علاقوں کا دورہ کریں جو سیلاب سے متاثر ہو رہے ہیں، اور وہاں جاری امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔
شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت دی کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ متاثرہ آبادی کو بروقت اور درست معلومات دی جائیں تاکہ لوگ محفوظ مقامات پر بروقت منتقل ہو سکیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ دریاؤں کے کنارے بسنے والے افراد کے انخلا کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی کاموں کی رفتار بڑھائی جائے اور تمام متعلقہ ادارے آپس میں مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔