بھارت سے پانی چھوڑے جانے کے بعد کرتارپور سمیت کئی علاقے زیرِ آب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور بھی متاثر

01:35 PM, 27 Aug, 2025

کرتارپور: بھارت کی طرف سے دریاؤں میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں کرتارپور کا علاقہ مکمل طور پر زیرِ آب آ گیا ہے۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، اور سیلابی ریلہ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں بھی داخل ہو چکا ہے، جو پاکستان اور بھارت کی سرحد پر واقع ایک تاریخی اور مذہبی مقام ہے۔

کرتارپور پراجیکٹ کے ڈپٹی سیکرٹری کے مطابق، گوردوارہ میں 18 مقامی یاتریوں سمیت تقریباً 100 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف گوردوارہ، بلکہ پورے علاقے کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس صورتحال پر سکھ برادری نے حکومت پاکستان اور عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرتارپور راہداری اور گوردوارہ دربار صاحب کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

دوسری جانب، ملک کے دیگر حصوں میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ کھڑی فصلیں برباد ہو گئیں، ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے مزید بارشوں اور بلند درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مزیدخبریں