اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی نظم و نسق میں پبلک سرونٹس کا کردار نہایت اہم ہے، اور درست وقت پر کیے گئے فیصلے ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب درست سمت پر گامزن ہے اور عالمی ادارے اس بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے کو بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی استحکام ایک منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل سفر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب میں ملک کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کے ذریعے داخل ہو رہا ہے اور بین الاقوامی ادارے جیسے موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔
وزیر خزانہ نے مائیکرو اکنامک استحکام کے لیے بہتر مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں پبلک مینجمنٹ کی بہتری بروقت اور مؤثر فیصلوں سے ممکن ہے۔