ملک کے 3 بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، پاک فوج ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف: ڈی جی آئی ایس پی آر

05:10 PM, 27 Aug, 2025

اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے تین بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے، جن کے باعث کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت پر پاک فوج کے جوان اور افسران ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے کو بھی مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت دریائے ستلج، دریائے چناب اور دریائے راوی میں سیلابی کیفیت ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ سے ہیڈ خانکی اور پھر قادرآباد کی طرف صورتحال نازک ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔

دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر صورتحال نسبتاً بہتر ہے، تاہم نگرانی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل رابطہ ہے، اور مقامی حکام کو لوگوں کے بروقت انخلاء کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں