لاہور :پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے صوبے کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کے نویں سپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ سلسلہ 29 اگست سے 2 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور کے علاقوں میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت دیں۔ شہریوں کو ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور دیگر خطرات سے خبردار رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔