وزیرِاعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو

08:57 PM, 27 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر داخلہ ایون کبراکوو نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دو طرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

بیلاروسی وزیر داخلہ ایون کبراکوو نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس، پاکستان کے ساتھ زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ایون کبراکوو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے ملاقاتیں کیں، جو دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں نہایت اہم ثابت ہوئیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیرِاعظم کو آگاہ کیا کہ بیلاروسی وفد نے نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستان کی ڈیجیٹل شناختی نظام پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کی برآمد سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو چکے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت بیلاروس، پاکستانی ہنر مندوں کو سماجی تحفظ اور طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی محمد عون چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں