کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت میں چھ مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے اور آئندہ بھی اس حوالے سے قرارداد منظور ہوسکتی ہے۔
سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کورنگی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی کے کہنے سے صوبے نہیں بنتے، نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سندھ کے عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسے نئے صوبے بنانے کا شوق ہے وہ اسمبلی میں قرارداد لے آئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے، تاہم اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ صوبے کے اداروں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
پمز ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ انتہائی دل خراش سانحہ ہے اور اسے سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کے فیلڈ سٹاف میں 150 موٹر سائیکلیں بھی تقسیم کیں۔