کیلیفورنیا: دنیا بھر میں مقبول اسمارٹ فون کمپنی ایپل رواں سال اپنی نئی آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کا صارفین کو بے صبری سے انتظار ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کی رونمائی 9 ستمبر کو کی جائے گی۔ اس تقریب میں نئے آئی فونز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اس بار ایپل اپنے آئی فون لانچ کرنے کے انداز میں تبدیلی کرنے جا رہا ہے۔ مختلف لیکس کے مطابق کمپنی آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی متعارف کرا سکتی ہے، جسے آئی فون الٹرا کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم عام آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 ماڈلز کی لانچنگ 2027 کے آغاز تک مؤخر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
فولڈ ایبل آئی فون ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا فون ثابت ہوسکتا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر سکتا ہے۔ امکان ہے کہ نئے ماڈلز کی قیمت میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافہ کیا جائے گا۔
اگر قیمت بڑھائی گئی تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قیمت میں اضافے کی وجہ ریم اور دیگر اہم چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت بتائی جا رہی ہے۔