اردو زبان کی ترویج، شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری دیدی گئی

اردو زبان کی ترویج، شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری دیدی گئی

حیدر آباد َ :مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں شاہ رخ خان کو آج ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔
یونیورسٹی کے کانوکیشن کے موقع پر چانسلر ظفر سریش والا نے انہیں یہ ڈگری عطا کی۔ سریش والا نے اس موقع پر کہا کہ فن کے شعبہ میں شاہ رخ خان کی غیر معمولی خدمات پر انہیں یہ اعزازی ڈگری دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کی والدہ کے آبائی شہر حیدر آباد میں یہ اعزاز ملنے پر انہیں کافی مسرت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج ان کے پاس بات چیت اور لب و لہجہ کا جو انداز ہے، وہ ان کی والد کی بدولت ہے جنہیں اردو میں غیر معمولی مہارت حاصل تھی۔ ان کے والد اردو اور فارسی کے ماہر تھے اور اگر ان کے والد یہ ڈگری دیکھتے تو کافی خوش ہوتے کیونکہ ان کے والد مولانا آزاد کے کافی بڑے مداح تھے۔
انہوں نے انتخابات میں بھی آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا لیکن ان کی ضمانت ضبط ہو گئی تھی۔ شاہ رخ خان نے اس موقع پر مولانا آزاد یونیورسٹی کے چانسلر ظفر سریش والا اور وائس چانسلر پروفیسر اسلم پرویز کا شکریہ ادا کیا۔