سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی

سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی

کراچی: سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی آج چودھویں برسی منائی جارہی ہے ۔ اس موقع پر  سندھ بھر میں آج عام تعطیل  ہے جبکہ دوسری جانب گڑھی خدا بخش میں برسی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی چودھویں برسی منائی جارہی ہے ۔ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اور رہنما گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں، مرکزی جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ سابق صدرآصف علی زرداری بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے میں طبیعت کے خراب ہونے  کے باعث شرکت نہیں کریں گے ۔

واضح رہےکہ27 دسمبر2007 کو پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو دہشت گردوں نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دہشت گردی کا نشانہ بنایاتھا ۔