جج صاحب! میں کل جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوں گا، آپ بھی ضلعی کچہری سے ادھر ہی آجائیں: عمران خان کی خود پیش ہونے کی بجائے جج کو بلانے کی درخواست 

جج صاحب! میں کل جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوں گا، آپ بھی ضلعی کچہری سے ادھر ہی آجائیں: عمران خان کی خود پیش ہونے کی بجائے جج کو بلانے کی درخواست 
سورس: File

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ضلعی کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ وکیل بابر اعوان نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر درخواست دائر کی۔

وکیل بابر اعوان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایجنسیوں کی رپورٹس کے تحت کچہری میں سیکیورٹی الرٹ جاری ہے۔ ضلعی کچہری اسلام آباد میں پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں، عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کو بھی ضلعی کچہری میں خطرہ ہے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کل اسلام آباد کی عدالتوں میں آئیں گے، 2 کیسز جوڈیشل کمپلیکس اور 1 ضلعی کچہری میں ہے۔ کل توشہ خانہ کیس میں آپ کی عدالت میں عمران خان نے پیش ہونا ہے۔

وکیل بابر اعوان نے استدعا کی کہ جوڈیشل کمپلیکس میں جگہ ہی جگہ ہے ۔ عمران خان کی توشہ خانہ والے کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کر لیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ایسا تو پہلی بار سنا ہے، عمران خان کو پیش تو کچہری میں ہی ہونا پڑے گا۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر حملہ بھی تو پہلی بار ہوا ہے، ان کا عدالت میں آنا ضروری ہے لیکن جان بچانا زیادہ ضروری ہے، فیصلہ جاری کر دیں تاکہ میں ہائی کورٹ میں اپیل کر سکوں۔

جج نے کہا کہ آپ کے کہنے پر تاریخیں رکھیں، عمران خان کی حاضری آج ہو جانی چاہیے تھی۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم، چیف کمشنر، وزیرِ داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے ضلعی کچہری میں سیکیورٹی کی گارنٹی لیں۔ جج نے کہا کہ عدالت کو منتقل کرنے کا دائرہ اختیار میرے پاس بھی نہیں۔

مصنف کے بارے میں