پاک فضائیہ کے افغان طالبان پر تابڑ توڑ حملے، اہم فوجی تنصیبات تباہ

09:40 AM, 27 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستان کی فضائیہ نے افغان طالبان کے خلاف تابڑ توڑ حملے کیے ہیں جس میں طالبان کی اہم فوجی تنصیبات اور کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ننگرہار، کابل، قندھار اور پکتیا میں کیے گئے حملوں میں افغان طالبان کی بٹالین، سیکٹر ہیڈکوارٹرز اور دیگر فوجی مراکز مکمل طور پر نیست و نابود ہو گئے۔

پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے ننگرہار میں طالبان کا ایمونیشن ڈپو تباہ کر دیا، جبکہ کابل میں دو بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور قندھار میں کور ہیڈکوارٹر اور بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا گیا۔ قندھار میں ہی ایک ایمونیشن ڈپو اور لاجسٹک بیس بھی مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔ ان فضائی حملوں کے دوران پاک فضائیہ نے قندھار کی فضا میں گشت بھی کیا اور پکتیا میں طالبان کے کور ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا۔

مہمند سیکٹر کے قریب افغان طالبان اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، جبکہ پاک فوج نے ان کے کئی مورچوں کو تباہ کر دیا۔ سکیورٹی فورسز نے افغان صوبہ پکتیکا کی پوسٹ پر قبضہ کر لیا، جس کے بعد طالبان اپنی پوزیشن چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج اور فضائیہ کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ افغان فورسز کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف یہ کارروائیاں جاری ہیں اور پاک سکیورٹی فورسز ہر طرح کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

مزیدخبریں