جدہ : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک نے بھی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اور پاکستان ان خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مسلم امہ کے امن، ترقی اور تعاون کے لیے او آئی سی کا کردار بہت اہم ہے، اور پاکستان اسرائیل کی جارحیت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کو امت مسلمہ کے لیے شدید تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے غزہ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرنی چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کو بھی مسترد کیا۔
اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم نے غزہ امن بورڈ میں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی موقف کا بھی اعادہ کیا۔