ملک بھر میں برفباری کا راج: لوئر دیر میں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بالائی علاقوں کا رابطہ منقطع

09:45 AM, 27 Jan, 2026

اسلام آباد/ لوئر دیر: ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے حالیہ سلسلے نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر برسوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
لوئر دیر میں قدرت کا ایسا نظارہ دیکھا گیا جو دو دہائیوں میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ یہاں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جہاں 3 سے 4 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ شدید برف باری کے باعث تمام اہم رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جس سے مقامی آبادی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی ہے۔ استور میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ غذر کے بالائی علاقوں میں ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے، جس سے مناظر تو دلکش ہو گئے ہیں لیکن آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بھٹوگاہ ٹاپ، داریل اور تانگیر میں بھی بھاری برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی شدید برفباری نے موسم کو انتہائی سرد کر دیا ہے۔
سردی کی لہر بلوچستان تک بھی پھیل چکی ہے جہاں قلات میں اب تک 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔شدید برفباری اور سڑکوں کی بندش کے پیشِ نظر انتظامیہ نے بھاری مشینری کو متحرک کر دیا ہے، تاہم مسلسل برفباری کے باعث بحالی کے کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ مزید 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔

مزیدخبریں