جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی اصل وجہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ ہے: عاصم افتخار

10:35 AM, 27 Jan, 2026

نیویارک / اسلام آباد: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے۔
 عاصم افتخار نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کی خراب صورتحال اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔     انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ بھارت نے گزشتہ سال پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کا ارتکاب کیا، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
 پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر علاقائی امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ یکطرفہ اقدامات کو معمول بنانے کی بھارتی کوششیں اجتماعی سلامتی کے نظام کو کمزور کر رہی ہیں۔
عاصم افتخار نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا     بھارت کی جانب سے معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔    بھارتی اقدامات خطے کی سلامتی کو مستقل نقصان پہنچا رہے ہیں اور آبی جارحیت امن کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ہے۔
 پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ بھارت کو عالمی قوانین کی پاسداری اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔

مزیدخبریں