آئی ایس پی آر نے قوم کے نام نیا نغمہ جاری کر دیا

11:55 AM, 27 Jan, 2026

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) نے افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور عوام کے ساتھ ان کے اٹوٹ رشتے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک نیا اور پُر اثر نغمہ جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاک فوج کے جوان ملک کے شمالی حصوں میں برفانی طوفانوں اور ناقابلِ برداشت سردی کے باوجود ریسکیو آپریشنز میں مصروفِ عمل ہیں۔

 یہ نغمہ خاص طور پر ان فوجی جوانوں کی ہمت اور جانفشانی کی عکاسی کرتا ہے جو قدرتی آفات اور مشکل ترین موسمی حالات میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ہم وطنوں کی مدد کے لیے پہنچتے ہیں۔ چاہے وہ برفانی تودوں تلے دبے راستوں کی بحالی ہو یا شدید سردی میں محصور خاندانوں کی بحفاظت واپسی، افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے لیے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوئی ہیں۔نغمے کی ریلیز کے ساتھ ہی اسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ نغمے کے سحر انگیز بول اور متاثر کن آواز نے سننے والوں پر رقت طاری کر دی ہے۔ موسیقی اور شاعری کا یہ حسین امتزاج نہ صرف جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرتا ہے بلکہ یہ پوری قوم کی اپنی افواج سے والہانہ محبت، غیر متزلزل اعتماد اور فخر کی بھرپور عکاسی بھی کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اس نئے شاہکار کا مقصد ان گمنام ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرنا ہے جو سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اندرونِ ملک کسی بھی ناگہانی آفت میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔

مزیدخبریں