سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی، خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں شواہد اکٹھا کرنے عمارت میں داخل

12:37 PM, 27 Jan, 2026

کراچی : کراچی کے تجارتی مرکز گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کے بعد تحقیقاتی عمل میں تیزی آگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی جاوید نبی کھوسو نے جاں بحق ہونے والے افراد کی تازہ ترین تعداد کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد اس سانحے کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔

آج صبح خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے اراکین نے عمارت کا تفصیلی معائنہ شروع کیا۔ ٹیم نے عمارت کے گرد لگی حفاظتی جالی ہٹا کر اندرونی حصوں تک رسائی حاصل کی۔ ٹیم کے ارکان نے خصوصی حفاظتی لباس زیب تن کر رکھے ہیں تاکہ عمارت کے اندر موجود کیمیائی اثرات اور ملبے سے محفوظ رہ کر سروے مکمل کیا جا سکے, ماہرین پر مشتمل فارنزک ٹیمیں آج بھی متاثرہ حصوں کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات اور عمارت کے سٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی جاوید نبی کھوسو کے مطابق اب تک اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ہے. 30 جاں بحق افراد کا مکمل ڈیٹا، تمام تر تصدیقی مراحل اور ضابطے کی کارروائی کے بعد سندھ حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ معاوضے اور دیگر قانونی امور کو آگے بڑھایا جا سکے۔

تحقیقاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر اب بھی حدِ حرارت زیادہ ہو سکتی ہے، اسی لیے فارنزک ٹیمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ شواہد جمع کر رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور سندھ حکومت اس حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی دادرسی کی جا سکے۔

مزیدخبریں