چوہدری نثار کی کانفرنس سے لگتا ہے کہ ن لیگ میں پھوٹ پڑ چکی ہے ، شیخ رشید

06:48 PM, 27 Jul, 2017

چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس کے بعد شیخ رشید کا بیان بھی سامنے آ گیا ۔ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ لگتا ہے نواز شریف اپنے قریبی ساتھیوں کو بھول گئے ہیں وزیراعظم نوازشریف کو بہت سے مشورے دیئے جارہے ہیں اب نوازشریف نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کا چناؤ کرنا ہے۔

شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران قومی سلامتی سے متعلق چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  سپریم کورٹ سے التجا ہے پانامالیکس کا فیصلہ سنا دیا جائے اور پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر رکی ہوئی ہیں اگر نوازشریف ہی جارہے ہیں توکسی خلا اورجلا سے کیا فرق پڑتا ہے جب نوازشریف ہی نہیں رہیں گے تو کیبنٹ کا کیا فائدہ ہوگا؟ شیخ رشید نے کہا کہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس میں درباریوں کا ذکرکیا گیا ہے یہ وہی گینگ آف فائیو ہے جو سپریم کورٹ کے باہر ہیں ۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس سے لگتا ہے کہ ن لیگ میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔

یاد رہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ آنے پر وہ وزارت اور ایم این اے شپ سے استعفیٰ دے دیں گے انہوں نے کہا کہ فیصلہ چاہے نواز شریف کے حق میں آئے چاہے نواز شریف کے خلاف آئے وہ سیاست کو چھوڑ دیں گے ۔چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف، ن لیگ کیساتھ اپنی ساری زندگی داؤ پر لگائی کبھی مڑکر نہیں دیکھا لیکن سینیر ترین مشاورت میں مجھے نہیں بلایا گیا اور بن بلائے میں جاتا نہیں، نہ میں کبھی گیا، میرے لیے یہ کہنا تضحیک آمیزہے کہ مجھے مشاورت سے الگ کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں