عرفان صدیقی کی گرفتاری پر تحفظات ہیں، تحقیقات کریں گے، فردوس عاشق

عرفان صدیقی کی گرفتاری پر تحفظات ہیں، تحقیقات کریں گے، فردوس عاشق
کیپشن: یہ قانون ن لیگ کے دور میں بنا اور اس کا پرچار مریم اورنگزیب اور مریم نواز بھی کرتی تھیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے عرفان صدیقی کی گرفتاری کی تحقیقات کا اعلان کر دیا۔ عرفان صدیقی نے جن کو مکان کرائے پر دیا اور ان سے متعلق کچھ سوالات ہیں۔ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کرایہ دار کی معلومات جمع کروانی ہوتی ہے، یہ قانون ن لیگ کے دور میں بنا اور اس کا پرچار مریم اورنگزیب اور مریم نواز بھی کرتی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت قلم کے تقدس کو تسلیم کرتی ہے اور ہمیں بھی عرفان صدیقی کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں۔ کیس کی ایف آئی آر آئی جی صاحب سے منگوائی ہے اور دوطرفہ مؤقف کو سننا پڑے گا پھر معاملے کا پتا چلے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے اور حکومت کی پالیسی نہیں کہ پس پردہ اقداما ت کرے جبکہ حکومت کسی سطح پر بھی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اداروں با اختیار بنانا ہمارا مشن ہے اور تھوڑا سا وقت دیا جائے جبکہ گرفتاری کے معاملے کی تحقیقات کریں گے، یقین دلاتے ہیں کسی سے نا انصافی نہیں ہو گی۔