ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئنز کی شاندار فتح، ویسٹ انڈیز کو 49 رنز سے شکست

11:51 AM, 27 Jul, 2025

انگلینڈ: انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز سے شکست دے دی۔ یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے، جس نے ٹیم کی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔

پاکستان چیمپئنز نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز بنائے۔ کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے صرف 62 گیندوں پر 113 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس نے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم 151 رنز تک پہنچ سکی، لیکن پاکستان کی شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کے سامنے ان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے چدوک والٹن نے 42، ولیم پرکنز نے 30 اور ڈیوائن براوو نے 30 رنز بنائے، لیکن ان کی یہ اننگز ٹیم کو کامیابی دلانے کے لیے کافی نہ تھیں۔

اس سے قبل، پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دے کر اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ پاکستان کی یہ مسلسل کامیابیاں فائنل تک رسائی کے امکانات بڑھاتی ہیں اور ان کے حوصلے میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں