لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے، جبکہ دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں میں مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ مستحکم رہا۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک، چشمہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور وہاں سیلاب نچلے درجے تک محدود ہو گیا ہے۔ خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک جبکہ قادر آباد کے مقام پر ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔