لاہور: حکومت پنجاب نے مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور آبی حادثات کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے متعدد احتیاطی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیموں، نہروں، دریاؤں، جھیلوں اور تالابوں میں نہانے اور تیراکی کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلیوں، محلوں، سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر جمع ہونے والے بارش کے پانی میں نہانا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ متعلقہ اداروں کی اجازت کے بغیر دریاؤں اور جھیلوں میں کشتی چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ تمام پابندیاں دفعہ 144 کے تحت آئندہ دو ماہ تک نافذ رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مون سون کے دوران شہریوں کو اربن فلڈنگ، تیز پانی کے بہاؤ اور دیگر آبی حادثات سے محفوظ رکھنا اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق مختلف آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔