کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈجنرل عامر رضا کی عہدہ سنبھالنے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

09:13 PM, 27 Jul, 2026

راولپنڈی: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا، ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ بسالت نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا کو نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اس سے قبل جنرل سید عامر رضا کی نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے تعیناتی پر جی ایچ کیو میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

بعد ازاں جنرل عامر رضا نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل عامر رضا نے ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی جانب سے کمان سنبھالنے کا عمل نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی اہمیت اور دفاعی امور میں اس کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
 
 

مزیدخبریں