لاہور، سرکاری نرخ سے سستی سبزی بیچنے پر دکاندار گرفتار

لاہور، سرکاری نرخ سے سستی سبزی بیچنے پر دکاندار گرفتار
سورس: فائل فوٹو

لاہور:  تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ تبدیلی آ گئی ہے پنجاب کے درالحکومت لاہور میں اپنی نوعیت کا انوکھا مقدمہ درج ہوا جس میں سستی سبزی بیچنے پر دکاندار کو گرفتار کر لیا گیا۔

مقدمہ اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کی مدعیت میں تھانہ سٹی رائیونڈ میں پرائس کنٹرول ایکٹ 1958 اور 1977 کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ دکاندار بھنڈی مقررکردہ قیمت 95 کی بجائے 73 روپے پربیچ رہا تھا، دکاندارٹماٹرکی مقررکردہ قیمت 50 روپےکلو کی بجائے 25 روپےفی کلوفروخت کررہا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دکاندار بینگن مقرر کردہ نرخ 60 فی کلو کی بجائے 52 روپے، کریلے 90 فی کلو کی بجائے 52 روپے اور پیاز سرکاری ریٹ 40 روپے فی کلو کے بجائے 33 روپے میں فروخت کر رہا تھا۔

ایف آئی آرکے مطابق دکان دار نے سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کر کے اور مقررہ نرخوں پر سبزی نہ بیچ کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کے حکم پر دکاندار وقاص کو 15 جون کو گرفتار کیا گیا اور 16 جون کو مقامی عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔