لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی ڈرون سے ویڈیو بنانے پر مکمل پابندی ہو گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد یا نفرت انگیز پوسٹس پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ہم دشمن کے ہر چال سے باخبر بھی ہیں اور اس کا متحد ہو کر مقابلہ بھی کریں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ امن، بھائی چارے، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں اور کسی بھی قسم کے اختلاف یا تفرقے سے گریز کریں۔
محرم الحرام اور نئے اسلامی سال 1447ھ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ نیا سال پاکستان، عالم اسلام اور پوری دنیا کے لیے امن، ترقی، خوشحالی اور خیر کا پیغام لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی قربانی کی یاد دلاتا ہے، ان کا پیغام ہر دور کے مظلوم کو حوصلہ دیتا ہے اور ظالم کو للکارتا ہے۔